بنگلورو7؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات کرشنا بائرے گوڈا نے واضح کیا کہ پڑوسی ریاستوں کیرلااور آس پاس پھیلے ہوئی مہلک نپا بخار سے آم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ آج اسمبلی میں رمیش کمار کی طرف سے نپا وائرس کے سبب آم کی فصلوں کو نقصان ہونے کے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے آم کے کاشتکاروں کی مناسب مدد کے لئے قدم اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ نپا وائرس کے متعلق وہ ایوان کو یہ وضاحت کرنا چاہیں گے کہ آم کی فصلوں کا اس وائرس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اور یہ بھی غلط ہے کہ آم کی فصل نپا وائر کا شکار ہوتی ہے۔ اس مرحلے میں مداخلت کرتے ہوئے وزیر صحت شیوانند پاٹل نے کہاکہ رام نگرم ضلع میں اس سلسلے میں کئی افواہیں پھیلی ہوئی ہیں فوری طور پر افسروں کو روانہ کرکے جانچ کرائی جائے گی۔